ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / نریندر مودی حکومت کے تین سال:وزیر اعظم کے ذاتی برانڈپر مرکوز ہوں گے پروگرام

نریندر مودی حکومت کے تین سال:وزیر اعظم کے ذاتی برانڈپر مرکوز ہوں گے پروگرام

Wed, 10 May 2017 22:33:47    S.O. News Service

نئی دہلی،10/مئی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مرکزی حکومت کے تین سال پورے ہونے کے موقع پر 20دن تک چلنے والے پروگرام کافی حد تک وزیر اعظم نریندر مودی کے ’ذاتی برانڈ‘پر مرکوز ہوں گے، اور وزیر اعظم خود پانچ پروگرام کی صدارت کریں گے، جن میں سے پہلا پروگرام آسام کے گوہاٹی میں منعقد ہوگا۔اس موقع پر زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچنے کے لیے وزیر اعظم تمام ہندوستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے خط لکھیں گے، جس کی دو کروڑ کاپیاں شائع کی جا رہی ہیں، اور انہیں 20/مئی سے بھیجنا شروع کر دیا جائے گا، تاکہ 26/مئی تک ان کے منزل پر پہنچنے کو یقینی بنایا جاسکے، یہ خطوط فلاح و بہبود کے مختلف منصوبوں سے فائدہ اٹھانے والوں کو بھیجے جائیں گے۔ویسے، صرف خط کے ذریعہ ہی نہیں، بلکہ حکومت کی حصولیابیوں کو عوام کو بتانے کے لیے ملک بھر میں تقریبا 10کروڑ ایس ایم ایس بھی بھیجے جائیں گے۔ملک بھر میں تقریبات کے انعقاد کے لیے 900مقامات کا انتخاب کر لیا گیا  ہے، اور ان میں سے ہر ایک کی ذمہ داری کسی وزیر یا ممبرپارلیمنٹ کو سونپی جائے گی۔ان پروگراموں کا ایک انتہائی دلچسپ پہلو اس میں شامل ’مودی فیسٹ‘ہو گا، جو دراصل’میکنگ آف ڈیولپنگ انڈیا فیسٹیول‘کا مخفف ہے، اور جس کے ساتھ ہی وزیر اعظم نریندر مودی کے نام کو بھی گھر گھر تک پہنچائے جانے کی تیاری کی جارہی ہے۔بی جے پی کی حکمرانی والی ریاستوں کے وزیر اعلی اور ان کے معاونین اپنی اپنی ریاستوں کے دارالحکومتوں میں منعقد پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ان پروگراموں کاانعقاد ریاستی حکومتیں ہی کریں گی، اور اس دوران حکومت کی اہم پالیسیوں اور حصولیابیوں کی عکاسی کرتی پرزنٹیشن دکھائے جانے کے علاوہ مختلف فلاحی منصوبوں سے منسلک ٹوپیاں اور لیف لیٹ بھی تقسیم کی جائیں گی۔گزشتہ سال اپنی حکومت کی دوسری سالگرہ کے موقع پر حکومت نے دہلی اور بہار کے انتخابات میں شکست کی وجہ سے زیادہ تیاری نہیں کی تھی، لیکن اس سال اترپردیش اسمبلی انتخابات میں ملی شاندار کامیابی اور نوٹ بند ی کو ملی عوامی حمایت کے وجہ سے حکومت کافی برجوش نظر آرہی ہے۔
 


Share: